حج 2024 : سعودی حکومت کے نمایاں اقدامات کیا ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حج 2024 کے دوران سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں، ان اقدامات کا مقصد حج کے دوران حجاج کی خدمت کو بہتر اور ان کے لیے سہولتوں کو یقینی بنانا ہے، یہ اقدامات درج ذیل ہیں۔
رضاکارانہ کام
وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے کمیونٹی شرکت کو فروغ دینے کے لیے مختلف رضاکارانہ کام متعارف کروائے ہیں، جو مقدس مقامات پر اور مسجد حرام میں عازمینِ حج کی خدمت کے لیے ہوں گے، جس میں بزرگوں اور بڑوں کی رہنمائی جیسی سروسز شامل ہیں۔
بچوں کے استقبالیہ مراکز
یہ مراکز حج کے دوران بچوں کی دیکھ بھال اور استقبال کے لیے قائم کیے گئے ہیں، جہاں بچوں کے لیے تفریح اور تربیت کی محفوظ اور آرام دہ جگہ فراہم کی گئی ہے۔

ہنگامی کمیٹی
وزارت نے ہنگامی حالات کی منصوبہ بندی کے لیے سول ڈیفینس سے اشتراک کیا ہے تاکہ عازمین کی مدد اور انہیں تعاون فراہم کیا جا سکے۔
موسمی کام کے ویزے کا اجرا
وزارت نے (اجیر الحج) نامی موسمی ویزے کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد حج کے دنوں میں حجاج کی خدمت کے لیے کام کرنے والی افرادی قوت کو شامل کرنا اور ان کی مدد کرنا ہے۔
نگراں کمیٹیاں
وزارت کی نگراں کمیٹیاں یہ یقینی بناتی ہیں کہ حج کے دوران عارضی اور موسمی کاموں کے ضوابط کی پیروی کی جارہی ہے۔
خوراک اور پانی کی فراہمی
وزارت کی نگرانی میں مختلف تنظیمیں خشک خوراک اور پانی کی فراہمی کی ذمہ دار ہیں تاکہ عازمین کو کھانے اور پانی کی سہولت فراہم کی جاسکے۔