بجٹ 25-2024 : سولر پینل سے متعلق خام مال کی درآمد پر خصوصی رعایت کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے بجٹ 25-2024 میں سولر پینل، بیٹریز، انورٹر، خام مال کی درآمد پر رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگ زیب نے بجٹ تقریر میں اعلان کیا کہ حکومت سولر پینل، بیٹریز، انورٹر، خام مال کی درآمد پررعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ادھر بجٹ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے، اس کے لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سولر پینل کو ملک میں زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لیے درآمد پر رعایت دی جائے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے سولر پینلز تیار کرنے والے پلانٹس، مشینری اور اس سے متعلق آلات اور سولر پینلز، انورٹرز اور بیٹریوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال اور پرزہ جات کی درآمد پر رعایتیں دی جارہی ہیں۔
حکومت کے مطابق اس رعایت کا مقصد درآمد شدہ سولر پینلز پر انحصار کو کم سے کم کرنا ہے تا کہ قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے۔