صحافی عمران ریاض کے خلاف درج دوسرے مقدمے میں کیا ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور پولیس نے معروف یوٹیوبر اور اینکر عمران ریاض کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا . عمران ریاض کے خلاف مبینہ طور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کارسرکار میں مداخلت کرنے پر تھانہ سرور روڈ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے .

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) مرزا نصیر احمد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 12 جون کو تقریباً رات ساڑھے 12 بجے معروف یوٹیوبر سفید ٹویوٹا فارچونر میں سوار اپنے 5 ساتھیوں کے ہمراہ ڈرائیو کرتے ہوئے آئے . ایف آئی آر کے متن کے مطابق، عمران ریاض نے اے ایس ایف چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر نصب سیکیورٹی بیریئر کو روندتے ہوئے گاڑی چیک پوسٹ سے زبردستی آگے لے جانے کی کوشش کی . درج مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ عمران ریاض نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کارسرکار میں مداخلت کے جرم کا ارتکاب کیا ہے لہٰذا ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے . واضح رہے کہ گزشتہ روز اینکر عمران ریاض خان کو لاہور ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس روانہ ہونے والے تھے . گزشتہ روز انہیں 5 جون کو لاہور کے ایک پراپرٹی ڈیلر کی مدعیت میں درج ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں ان پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے پراپرٹی ڈیلر کو جائیداد دلوانے کے لیے اس سے اڑھائی کروڑ روپے کی رقم لی جو انہوں نے واپس نہ کی اور نہ ہی اسے پلاٹ کی فائل لے کردی . . .

متعلقہ خبریں