کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ قبول نہ کرنے والے تاجر کاروبار بند کروانے کے لیے تیار ہوجائیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹیلرز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے پیمنٹ وصول کریں، اگر کوئی کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ قبول نہیں کرتا تو کاروبار سیل کردیا جائے گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ارکان سینیٹ نے ریٹیلرز کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ ارکان نے کہا کہ ریسٹورنٹس اور بک شاپس سمیت بہت سے ریٹیلرز کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ وصول نہیں کرتے اور مشین کا لنک ڈاؤن ہونے کا بہانہ کرکے صارفین کو ٹال دیتے ہیں۔
اس پر چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے پیمنٹ وصول کریں، اگر کوئی کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ قبول نہیں کرتا تو کاروبار سیل کردیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ پی او ایس انوائس سسٹم پر عمل درآمد نہ کرنے والے ریٹیلرز کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، جس کی وصولی کے 7 دن بعد کاروبار یا دکان کھولنے کی اجازت ہوگی۔