عمران خان سے وابستگی کسی وزارت یا عہدے کی محتاج نہیں،فیاض الحسن چوہان

لاہور(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور سابق ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میری وزیر اعظم عمران خان سے وابستگی کسی وزارت یا عہدے کی محتاج نہیں ہے اور میں عہد ہ واپس لے لینے کے بعد بھی پنجاب حکومت کا دفاع اور اپوزیشن کو آڑھے ہاتھوں لیتا رہوں گا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 14سال سے عمران خان کی ٹیم کا کھلاڑی اور سپورٹر ہوں جبکہ عمران خان اور پنجاب حکومت کا دفاع میری سرشت میں شامل ہے اورمیں کل، آج اور آئندہ بھی ہر موقع عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اب میری پوری توجہ محکمہ جیل خانہ جات کو بہتر بنانے کی طرف ہو گی جبکہ قیدیوں اور جیل ملازمین کی فلاح کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان سے ترجمان پنجاب حکومت کا عہدہ واپس لے لیاگیا ہے ، انہیں فردوس عاشق اعوان کی جگہ پر ترجمان تعینات کیا گیا تھا ۔