کیا پری پیڈ میٹرنگ، بجلی چوری کا واحد حل ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیپرا کی جانب سے ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر پائلٹ پراجیکٹ کی اجازت کے بعد آئیسکو نے بجلی صارفین کے لیے ایڈوانس میٹرز نصب کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اور اب تک قریباً 35 ہزار ایڈوانس میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔ یہ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر بجلی چوری میں کتنا کارآمد ہوگا؟ اور اس سے ایک عام شخص کو کیا فائدہ ہوگا؟
ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر پی آر آئیسکو عاصم نذیر راجا نے بتایا کہ آئیسکو کی جانب سے ابھی راولپنڈی اور راولپنڈی کینٹ میں یہ میٹرز نصب کیے جائیں گے، اور ابھی تک یہاں 35 ہزار میٹر نصب کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ یہاں صارفین کی تعداد قریباً 13 لاکھ ہے۔ اس سسٹم سے نہ صرف حکومت بلکہ صارفین کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔
نئے سسٹم کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا عموماً لوگوں کو شکایت رہتی ہے کہ ان کا بل دیر سے آتا ہے، اب نئے سسٹم پر انہیں ان کے موبائل فونز پر بل مل جایا کرے گا۔ اس کے علاوہ یہاں کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔ جہاں یونٹس وغیرہ کا خودبخود حساب لگ رہا ہوگا۔ اس میں کسی قسم کے بندے کی شمولیت نہیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر تک ایپ بھی لانچ کر دی جائے گی جس کے ذریعے ہر شخص روزانہ، ہفتہ وار، اور ماہانہ جب بھی چاہے اپنی استعمال کی گئی بجلی کے یونٹس کو دیکھ سکتا ہے اور حساب لگا سکتا ہے کہ اس کا بل مہینے کے اختتام پر کتنا ہوگا۔ کسی بھی شخص کو کوئی شکایت نہیں رہے گی۔ اور وہ اپنے بجلی کے بل کو اپنی ضرورت مطابق کنٹرول کرسکتا ہوگا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 2 برس میں اٹک سے جہلم تک سمارٹ میٹر نصب کر دیے جائیں گے، اس کے علاوہ ان میٹرز میں پری پیڈ میٹرنگ کا فیچر موجود ہے لیکن اس کو اس وقت ہی ایکٹیو کیا جائے گا جب حکومت ہدایت دے گی۔ بجلی صارفین سے پری پیڈ میٹر کے تحت موبائل فون کے طرز پر ایڈوانس بل وصول کیا جائے گا۔
خرم شہزاد نے پاکستان میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کے حوالے سے بتایا کہ سمارٹ میٹرز سے پاکستان میں بجلی سے منسلک بہت سی مشکلات میں کمی آئے گی۔ اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ یہ میٹرز بجلی چوری کو ختم کرسکتے ہیں۔ اس کا صارفین کو فائدہ ہوگا کہ وہ اپنا بجلی کا بل کنٹرول کر سکے گا۔ بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے پریشان لوگوں کو کافی فائدہ ہو گا، اور انہیں شکایت نہیں ہوگی کہ کم بجلی استعمال کی اور بل زیادہ آگیا۔
سینئر تجزیہ کار مہتاب حیدر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ان سمارٹ میٹرز کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ بجلی چوری کو ختم کیا جائے اور عوام کا تو اس میں فائدہ ہی فائدہ ہے کہ وہ جتنا چاہیں چارج کرسکتے ہیں۔ جب بیلنس ختم ہوگا تو بجلی بھی ختم ہو جائے گی۔ بجلی چوری میں سب سے زیادہ میٹر ریڈر ملوث ہوتے ہیں۔ اس سسٹم سے چوری سے جان چھڑائی جا سکتی ہے اور جو ڈسکوز میں پاکستان کو 5 سے 6 سو ارب کا نقصان ہوتا ہے وہ بچ جائے گا۔