کیا ہاتھی بھی ایک دوسرے کو ناموں سے پکارتے ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آ پ نے یہ تو سنا ہوگا کہ جانور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے انداز میں بات کرتے ہیں لیکن یہ کبھی نہیں سنا ہوگا کہ جانور ایک دوسرے کو ناموں سے بھی پکار سکتے ہیں۔ اب یہ انکشاف ہو ا ہے کہ بادشاہوں کی سواری سمجھے جانے والے ہاتھی بھی ایک دوسرے کو ناموں سے پکارتے ہیں۔
کینیا میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ افریقی ہاتھی ایک دوسرے کو انفرادی ناموں سے پکارتے ہیں اور اس کا جواب دیتے ہیں۔ یہ نام ہاتھیوں کی کم آوازوں کا ایک حصہ ہیں جو وہ وسیع میدانوں میں طویل فاصلے تک سن سکتے ہیں۔
نیچر ایکولوجی اینڈ ایوولوشن میں شائع ہونے والے ریسرچ پیپر میں ماہرین حیاتیات نے مشین لرننگ کا استعمال کیا تاکہ کینیا کے سمبورو نیشنل ریزرو اور امبوسیلی نیشنل پارک میں ریکارڈ کی گئی سوانا ہاتھیوں کی آوازوں کی ایک صوتی لائبریری میں ناموں کے استعمال کا پتا لگایا جاسکے۔
تحقیق کاروں کا ماننا ہے کہ پیچیدہ سماجی ڈھانچے اور خاندانی گروہوں میں رہنے والے جانور جو اکثر بچھڑ جاتے ہیں اور پھر دوبارہ مل جاتے ہیں ان کے انفرادی نام استعمال کرنے کے امکان زیادہ ہوتے ہیں۔ انسانوں کے علاوہ کتے بھی ناموں کی پہچان رکھتے ہیں اور ڈولفن کےبچے اپنے نام خود بنا لیتے ہیں، جسے سِگنیچر وسلز کہا جاتا ہے اور طوطے بھی نام استعمال کرسکتے ہیں۔
ان میں سے ہر نام رکھنے والے جانور اپنی پوری زندگی میں منفرد نئی آوازیں سیکھنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہے اور یہ نایاب صلاحیت ہاتھیوں کے پاس بھی ہوتی ہے۔