انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کا کیا کردار ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دور حاضر میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت و افادیت بڑھتی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ ایس آئی ایف سی کے تحت آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں جدت اور نئی اصلاحات کو فروغ دیا جارہا ہے۔
ایس آئی ایف سی ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ترین ٹیکنالوجی کو فروغ دینے سے لے کر نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے تک ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اس ادارے کے زیر اثر آئی ٹی سیکٹر میں کیے جانے والے اقدامات میں ٹیکنالوجی زونز اور ٹیکنالوجی پارکس کو فروغ دیا گیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی ان کاوشوں کے ذریعے سے پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی الگ پہچان بنا رہا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی زیر نگرانی آئی ٹی کمپنیوں کے مختلف ٹیکسوں میں رعایت، کاروباری عمل میں آسانیاں اور مالی امداد فراہم کرنے کے لیے پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔ نئے اسٹارٹ اپس کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انکیوبیشن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کے تحت آئی ٹی کمپنیوں کے لیے خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔ 2 لاکھ یونیورسٹیوں کے طلباء کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کا منصوبہ بھی بنایا جاچکا ہے اور 10 ہزار ای روزگار سینٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جاچکا ہے۔
ان اقدامات سے پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں 10 سے 20 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ ان اقدامات سے پاکستان کی معیشت مضبوط و مستحکم ہوگی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔