وومن کرائسز مراکز کے قیام سے خواتین کو فوری تحفظ فراہم کیا جاسکے گا، ربابہ بلیدی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قائم بینظیر بھٹو وومن کرائسز سینٹر کو فعال کرکے اسے تحفظ نسواں کا مثالی مرکز بنائیں گے، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر وومن کرائسز سینٹرز کا قیام اور فعالیت ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کا شکار خواتین ہنگامی حالات میں تحفظ حاصل کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو وومن کرائسز سینٹر کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سینٹر کی منیجر روبینہ زہری نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا استقبال کیا اور روایتی شال پہنا کر انہیں خوش آمدید کہا۔ دورے کے موقع پر مشیر ترقی نسواں کو بینظیر وومن کرائسز سینٹر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر افسران سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ بینظیر وومن کرائسز سینٹر غیر معمولی حالات سے دوچار خواتین کو ہنگامی بنیادوں پر سہارا اور تحفظ فراہم کرنے کا مرکز ہے، تاہم درپیش مسائل کی وجہ سے اس کی فعال خدمات کا دائرہ وسیع نہیں جس کی وجہ سے یہ بنیادی اہداف کے حصول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپا رہا۔ اس کرائسز سینٹر کے انتظامی اور مالی امور سے متعلق مسائل حل کیے جائیں گے تاہم کچھ امور میں قانون سازی کی ضرورت ہے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کی معاونت و رہنمائی اور مشاورت سے اس کرائسز سینٹر کو فعال کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر فعال وومن کرائسز سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ حالات کی ستائی خواتین کو فوری تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ دورے کے اختتام پر بینظیر وومن کرائسز سینٹر کی منیجر روبینہ زہری نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو سوئینر پیش کیا۔