موجود ڈاکٹرز کو غیر حاضر قرار دیے جانے کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں، ینگ ڈاکٹرز
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)آپریشن تھیٹر میں موجود ڈاکٹرز کو غیر حاضر قرار دیے جانے کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ سستی شہرت حاصل کرنے کے خواہش مند آفیسر کے اس گمراہ کن عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر صبور کاکڑ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عبدالمنان کی جانب سے شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ کے دورے کے دوران ڈاکٹرز کی غیر حاضری کے بے بنیاد الزامات کی سختی سے مذمت کی ہے۔ آپریشن تھیٹر میں موجود ڈاکٹرز کو غیر حاضر قرار دینے والے آفیسر کی اس رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر صبور کاکڑ نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مختصر دورے کے دوران بغیر کسی مکمل تحقیقات کے ڈاکٹرز کو غیر حاضر قرار دے کر ان کی کردار کشی کی کوشش کی ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک اعلیٰ سرکاری افسر نے ذمہ داری سے عاری رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ ڈاکٹرز بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کررہے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ کا یہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں، حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ڈاکٹرز اپنے فرائض نہایت جانفشانی سے آپریشن تھیٹر اور وارڈز میں سر انجام دے رہے تھے۔ ہم اس طرح کے بے بنیاد الزامات کو قطعی طور مسترد کرتے ہیں اور موصوف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر بات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹرز کی محنت اور خدمات کا احترام کرتی ہے اور ان کی بے بنیاد تنقید کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔ یہ بات نہایت اہم ہے کہ ڈاکٹرز کی کردار کشی کرنے والے عناصر کو روکا جائے تاکہ وہ مستقبل میں اس قسم کی حرکتیں نہ کریں۔ ہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں اور ڈاکٹرز سے معذرت کریں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے یہ بھی واضح کیا کہ ڈاکٹرز کو کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ یا دباﺅ کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی موجودگی اور ان کی محنت کو مد نظر رکھتے ہوئے، ہم ان کی خدمات کو سراہتے ہیں اور ان کے حقوق کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بلوچستان وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر صحت سردار فیصل جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری صحت صالح بلوچ اور تمام افسران بالا سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، بصورت دیگر وائے ڈی اے بلوچستان احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔