نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی واپس؟پاکستانی سوشل میڈیاپر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)انٹرسروسز انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیاگیا جبکہ ان کی جگہ پر کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو تعینات کیا گیا، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہے ،جہاں کچھ لوگ اس تعیناتی پر سوال اٹھا رہے ہیں تو کچھ ایسے اشارے دے رہے ہیں جیسے سب معمول کے مطابق نہیں۔

سینئر صحافی سید طلعت حسین نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم کی تقرری اور دیگر تقرر وتبادلے جن کا آئی ایس پی آر نے اعلان کیا ، کیا شرمناک گڑبڑہوئی، یہ نازک وقت میں نازک فیصلے ہیں،ایسا سلوک نہیں کیا جاسکتا جیسا فردوس عاشق اعوان اور فیاض الحسن چوہان کے ساتھ کیاگیا‘۔


عمر چیمہ نے لکھا کہ ’پہاڑی پر موجود درویش کا اصرار ہے کہ ٹویٹر والا مجاہد حساس ذمہ داریوں کیلئے بہتر ہے جبکہ مرد مجاہد کی نگاہ نے کسی اور کو چن لیا، جس کے سبب ابھی تک کی صورتحال اصرار اور انکار کے درمیان لٹکی ہوئی ہے‘۔


اعزاز سید نے بتایا کہ ’آج وزیرا عظم عمران خان ایک اہم میٹنگ کرنے جارہے ہیں‘ ۔ یاد رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں سویلین کے علاوہ عسکری قیادت نے بھی شرکت کی ۔


صحافی رضوان رضی نے لکھا کہ ’مہاتما کا کہناہے کہ پوسٹنگ ٹرانسفر تو ویسے ہی ہو گی جیسے پنجاب میں ہوتی ہے۔ ہر ڈی پی او اور ڈی سی او کو ضلع بیچا جاتا ہے۔آگے سے جواب آیا کہ “سات گھر تو ڈائن بھی چھوڑ دیتی ہے“،بس اسی پر پھڈا بنا ہوا ہے‘۔


انیق ناجی نے بھی دعویٰ کیا کہ ’لڑائی تو ن اور ش میں ہونی تھی مگر پھوٹ کہیں اور پڑتی دکھائی دیتی ہے، صالحین مشکل میں ہیں کس کو زندہ باد بولیں‘۔


اسی طرح کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جس کی وجہ سے عام پاکستانی صارفین شش و پنج میں مبتلا ءہیں۔