نیٹ فلکس سبسکرپشن فیس پر بھی ٹیکس لگ گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں ویڈیو آن ڈیمانڈ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر نیا ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ نیٹ فلکس کے صارفین کو ڈیبٹ کارڈ سے سبسکرپشن فیس ادا کرنے پر آئی ٹی سروسز پر 3 فیصد سیلز ٹیکس دینا پڑے گا۔ بینک نیٹ فلکس پر اضافی ٹیکس وصول کرنے کے لیے ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر کام کریں گے۔
گزشتہ برس بینکوں کو اشتہاری خدمات پر صوبائی سیلز ٹیکس کا 13 فیصد کٹوتی کرنے پر مجبور کرنے کے بعد سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے اب نیٹ فلکس پر اضافی ٹیکس عائد کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی ٹرانزیکشنز (فائلرز) پر 5 فیصد ایڈوانس ٹیکس، اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے علاوہ کارڈ ٹرانزیکشن چارجز 4 فیصد مقرر کیے گئے ہیں۔ نان فائلرز کے لیے بین الاقوامی لین دین پر ایڈوانس ٹیکس مختلف ہے۔ غیر اے ٹی ایل افراد پر ایڈوانس ٹیکس 10 فیصد ہوگا۔
نیٹ فلکس ماہانہ پیکج (بغیر ٹیکس)
موبائل: 250 روپے ماہانہ
بیسک: روپے 450 روپے ماہانہ
اسٹینڈرڈ: 800 روپے ماہانہ
پریمیم: 1،100 روپے ماہانہ
نیٹ فلکس نے اپنی ویب سائٹ پر واضح کیا گیا کہ صارف کہاں رہتا ہے اس پر منحصر ہے کہ ان سے سبسکرپشن کی قیمت کے علاوہ ٹیکس بھی وصول کیا جائے۔ نئے فنانس بل 2024 کے تحت اب ٹیک کمپنیوں کو بھی ٹیکس کے دائرے میں شامل کیا گیا جو پاکستان میں ڈیجیٹل ذرائع سے پیسےکماتی ہیں۔
واضح رہے کہ نیٹ فلکس سٹریمنگ سروس ہے جو انٹرنیٹ سے منسلک ہزاروں ڈیوائسز پر ٹی وی شوز، فلمیں، دستاویزی فلمیں اور بہت کچھ پیش کرتی ہے۔ نیٹ فلکس 250 روپے سے لے کر 1100 روپے ماہانہ تک کہ مختلف سبسکرپشن پلانز دیتی ہے، جس سے صارفین اس کے شوز دیکھ پاتے ہیں۔
نیٹ فلکس کو کروڑوں روپے انکم ٹیکس دینے کا نوٹس
پاکستان کے مالیاتی ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ ماہ اسٹریمنگ جائنٹ ’نیٹ فلکس‘(Netflix) کو انکم ٹیکس کی مد میں20 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کے لیے نوٹس بھیجا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل کمشنر سی ٹی او اسلام آباد نے انکم ٹیکس آرڈیننس (آئی ٹی او) 2001 کے سیکشن 6 کے تحت اسٹریمنگ جائنٹ سے 2 مختلف برس کے لیے 20 کروڑ روپے سے زائد کی ڈیمانڈ کی ہے۔ کیونکہ نیٹ فلکس نے پاکستان میں مالی سال 2021 کے دوران 1.3 بلین کی آمدنی کا اعلان کیا تھا۔