عمران خان پر ’بے توقیری‘ کا الزام لگانے کے بعد شیر افضل کا ’دشمنوں اور دوستوں‘ کو نیا پیغام
میرے پاس سیاست میں کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے اس لیے اب کوئی مجھے تکلیف نہیں دے سکتا، رہنما پی ٹی آئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر ’بے توقیری‘ کا الزام لگانے کے بعد اب کہا ہے کہ ’میرا مشکل وقت ختم ہو جائے گا لیکن میں اپنے دشمنوں اور دوستوں کو نہیں بھولتا۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت نے گزشتہ دنوں کہا تھاکہ عمران خان نے میرے ساتھ زیادتی کی ہے، میری بے توقیری کی ہے، یہ واحد شخص ہے، جس کو علم ہے کہ میں نے پارٹی کے لیے کیا کیا ہے۔
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کے مابین نوک جھونک کی خبریں گرم تھی، شیر افضل مروت نے فواد چوہدری کے بیان پر کہا تھا کہ ’یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آپ صرف ایک منادی والا کے عہدے کے قابل تھے‘۔
حالیہ دنوں میں شیر افضل مروت پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی پر پارٹی رہنماؤں کی تنقید کی زد میں رہے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا تھا۔
اب انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جس سے لگتا ہے کہ وہ پارٹی کو باقاعدہ خیرباد کہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔شیر افضل مروت نے لکھا کہ ’میں اپنے دشمنوں اور ٹرول کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی چیز مجھے میرے عزم سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس سیاست میں کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے اس لیے اب کوئی مجھے تکلیف نہیں دے سکتا، ترمیم شدہ ویڈیوز کام نہیں کریں گے، میں ان تمام لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے اس آزمائش کی گھڑی میں میرا ساتھ دیا’۔