برمنگھم میں شاہد آفریدی کے خلاف شیم شیم کے نعرے، ویڈیو وائرل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی برمنگھم میں ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کچھ لوگ ان کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگارہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں شاہد آفریدی کو ایک دکان سے باہر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور انہیں دیکھتے ہی لوگوں کا ہجوم ان کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے اکٹھا ہوگیا۔ انہی لوگوں میں کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے اچانک شیم شیم کے نعرے لگانا شروع کردیے۔
ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ فرحان ورک نے تحریک انصاف کے ورکرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اس ویڈیو میں صرف ایک ضمیر فروش تحریک انصاف کا ممبر دور سے کیمرہ پکڑ کر شاہد آفریدی کو گالیاں نکال رہا ہے جبکہ باقی تمام لوگ شاہد آفریدی سے محبت کررہے ہیں۔ انہوں نے شاہد آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا ظرف دیکھیں کہ انہوں نے اس ضمیر فروش سے بھی ہاتھ ملایا۔
محمد آیان لکھتے ہیں کہ شاہد آفریدی سے سیاسی اختلاف تو کرسکتے ہیں لیکن اس حد تک گر جانا کہ ان کے لیے شیم شیم کے نعرے لگانے شروع کردیے جائیں یہ بہت نا مناسب عمل ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ شاہد آفریدی ہمارے قومی ہیرو ہیں اور برمنگھم میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابلِ قبول ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی چیمپیئنز لیگ کھیلنے کے سلسلے میں اس وقت برطانیہ میں ہیں۔ پاکستان چیمپیئنز اس ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کررہی ہے اور اپنے چاروں میچ جیت کے ایونٹ کے سیمی فائنل تک بھی پہنچ گئی ہے۔