فیڈرل بورڈ کے نویں اور دسویں کے سالانہ نتائج کا اعلان، طالبات بازی لے گئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2024 نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے . نویں جماعت میں پاس ہونے والے طلبا کا تناسب 61.78 فیصد جبکہ جماعت دسویں میں پاس ہونے والے طلبا کا تناسب 92.29 فیصد رہا .


وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک کے سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول ای ایم ای کالج کیمپس پشاور روڈ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی زبیدہ نصیب نے 1087 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی . گلوبل سکول سسٹم 115 رینج روڈ سبزا زار راولپنڈی کینٹ سے حجاب فاطمہ نے 1085 نمبر لے کر دوسری، آرمی پبلک سکول گولڑہ کیمپ راولپنڈی کینٹ سے مصدق شہباز نے 1084 اور فوجی فاؤنڈیشن ماڈل سکول مورگاہ کیمپس صفا ٹاؤن راولپنڈی سے فاطمہ واجد نے بھی 1084 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی .
ہیومنٹیز گروپ میں فیچر فاؤنڈیشن سکول مصریال روڈ راولپنڈی کینٹ سے تعلق رکھنے والی اقصیٰ فاروق نے 1032 نمبر لے کر پہلی، ڈی ایچ اے سنیئر سکول برائے خواتین ڈی ایچ اے لاہور سے اونایزہ جلیل نے 1025 نمبر حاصل کرکے دوسری، انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنس سترا میل اسلام آباد سے محمد انس نے 1014 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی .
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے وفاقی سیکریٹری تعلیم کو امتحانی نظام کے بارے میں بریف کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی . مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بطور سیکریٹری تعلیم ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ملا ہے .
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں . انہوں مزید کہا کہ ہم سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں . میں کامیاب ہونے والے ہونہار طلبا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں . تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق اور سیکریٹری فیڈرل بورڈ ڈاکٹر بشیر خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے .

. .

متعلقہ خبریں