گوادر ایئرپورٹ کے اہلکاروں کا چین میں پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ملٹی ڈسپلنری ٹریننگ کورسز کا آغاز


گوادر(قدرت روزنامہ)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشن کے لیے ہنر مند افرادی قوت اہم شرط قرار,نیو گوادر ایئرپورٹ کے پاکستانی اہلکاروں کا چین میں پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ملٹی ڈسپلنری ٹریننگ کورسز کا آغاز۔تفصیلات کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (NGIA) کے آپریشن کے لیے ہنر مند افرادی قوت ایک اہم شرط ہے،ایک رپورٹ کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے 20 پاکستانی اہلکاروں نے چین میں اپنے ”ملٹی ڈسپلنری ٹریننگ کورسز” کا آغاز کیا ہے۔ تربیتی پروگرام کے تحت چائنا ایئرپورٹ کنسٹرکشن گروپ پاکستانی عملے کو تکنیکی اور ہینڈ آن علم منتقل کرے گا تاکہ ایئرپورٹ آپریشن کو آزادانہ طور پر چلایا جا سکے۔علاوہ ازیں یہ اپنی نوعیت کا پہلا انسانی وسائل کا تربیتی کورس ہے جس کا مقصد NGIA کے عملے کی تکنیکی اور انتظامی مہارت کو بہتر بنانا ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہلکار کے مطابق حکومت پاکستان نے تربیت کے لیے کوئی خرچہ برداشت نہیں کیا کیونکہ تمام اخراجات چائنہ ایڈ کے تحت کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن، مینجمنٹ، سیکورٹی، انجینئرنگ اور مکینیکل ورک کے سیکشن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیادہ تر اہلکار گروپس میں کورسز میں شامل ہو رہے ہیں۔