عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں معطل، بری کرنے کا حکم
جج افضل مجوکا نے سزا کیخلاف اپیلوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں معطل کردیں اور انہٰں بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔اسلام آباد کی ضلعی عدالت کے جج افضل مجوکا نےعدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
سول کورٹ نے تین فروری کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7،7 سال قید اور 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔سیشن جج افضل مجوکا نے ان سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر آج ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان اور بشریٰ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے رہائی کے روبکار جاری کردیے۔عدالت نے خاور مانیکا کی میڈیکل بورڈ اورعلماء کی رائے سے متعلق دونوں درخواستیں بھی مسترد کردیں۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر جمعہ کو فیصلہ نہ ہوسکا تھا۔
دوران سماعت خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیے۔ خاورمانیکا کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے گواہ لانے کا کہا گیا، اگر گواہ لانا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، عدالت کسی بھی وقت شواہد لے سکتی ہے۔
بیوی بنی گالہ کی آسائش چھوڑ کر اڈیالہ جیل تک چلی گئی، بیوی کیا سوچے گی کہ میری محبتوں کا یہ صلہ دیا: وکیل خاور مانیکا
زاہد آصف کے وکیل نے دلائل دیے کہ آپ نے فقہ حنفی کا پوچھا تھا، مفتی سعید نے بھی یہ نہیں کہا کہ دونوں حنفی ہیں، سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ ان کے کلائنٹ عمران خان نے شادی کی ہے، انہیں عدت کےبارے میں علم نہیں، تمام تر ذمہ داری بشریٰ بی بی کے کندھوں پر منتقل کی جارہی ہے۔
وکیل نے دلائل میں مزید کہا کہ شوہر عورت کی قربانیوں کو سائیڈ پر رکھ کر کہہ رہا ہے میں نے کچھ نہیں کیا، خاتون مشکل وقت میں خاوند کے ساتھ کھڑی رہی، ایک لیڈر سے ایسی توقع نہیں کی جاسکتی، بیوی بنی گالہ کی آسائش چھوڑ کر اڈیالہ جیل تک چلی گئی، بیوی کیا سوچے گی کہ میری محبتوں کا یہ صلہ دیا اس پر جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ ایسے ہو ہی نہیں سکتا اگر شادی ہوئی تو دونوں ذمہ دار ہیں۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے کہا گیا اپریل2017 میں زبانی طلاق دی، وکیل خاور مانیکا
وکیل خاورمانیکا نے کہا کہ لطیف کھوسہ کل آپ میرے بارے میں کیا کہہ رہےتھے، بشریٰ بی بی نے کس جگہ کہا ہے کہ عدت کی مدت پوری کرلی تھی۔وکیل خاورمانیکا نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے کہا گیا اپریل2017 میں زبانی طلاق دی، کیا خاتون کی زبانی بات پراعتبار کیا جائے گا؟ زبانی طلاق کی کوئی حیثیت نہیں ہے، عدالتی فیصلے موجود ہیں۔
کسی جگہ بشریٰ بی بی نے مفتی سعید کو نہیں کہا کہ ان کی عدت پوری ہے: وکیل خاور مانیکا
وکیل زاہدآصف نے کہا کہ قانون کہتا ہےدستاویزی ثبوت زبانی بات پرحاوی ہوگا، بشریٰ بی بی نےکس بیان میں کہاشادی عدت کےدوران نہیں ہوئی، بشریٰ بی بی نےمفتی سعیدکونہیں کہاان کی عدت پوری ہے، جس بہن نے عدت پوری ہونےکاکہااسے پھربطورگواہ لایاجاتا، پراسیکیوشن کی ڈیوٹی ہے کہ وہ ثابت کرےکہ عدت پوری نہیں۔
جج نے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی کےبیان کوآپ اس کیخلاف کیسےاستعمال کرسکتےہیں، تقاضے پورے کرنے کا ذکرتوکیا گیا ہے، آپ جیسے سینئروکیل سےایسی بات کی امیدنہیں تھی۔
بانی پی ٹی آئی نےبھی کہیں نہیں کہاکہ عدت مکمل ہونےپرشادی کی، وکیل خاور مانیکا
وکیل خاورمانیکا نے کہا کہ اختلاف کرناسب کاحق ہےاورآپ بھی اختلاف کرسکتےہیں، بانی پی ٹی آئی نےبھی کہیں نہیں کہاکہ عدت مکمل ہونےپرشادی کی، اگرٹرائل کورٹ میں غیرقانونی کام ہواتوکیاکیس ریمانڈ بیک کرواناچاہتےہیں
وکیل خاورمانیکا نے کہا کہ 16 جنوری 2024 کو بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد ہوئی اور صحت جرم سے انکار کیا، بشریٰ بی بی، وکیل اور عمران خان نے نہیں کہا کہ انہوں نے عدت مکمل ہونے پر شادی کی، کدھر ہے بشریٰ بی بی کا وہ بیان جہاں لکھا ہوکہ انہوں نے عدت کے دوران نکاح نہیں کیا؟ اس پر بشریٰ بی بی نے کے وکیل نے جواب دیا 342 کے بیان میں سوال نمبر 2 میں بشریٰ بی بی کا بیان موجود ہے۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے جواب الجواب میں دلائل
عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے جواب الجواب میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین یونین کونسل کو نوٹس جاری نہ کرنا کوئی اور جرم ہوسکتا فراڈ نہیں ہوسکتا، طلاق کا نوٹس خاور مانیکا نےنہیں دیا تو 90 دن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مسلم فیملی لاء کے سیکشن 7 کو پڑھا ہے اس میں لکھا ہےکہ نوٹس لازمی شرط نہیں ہے، ان کی بات مان بھی لی جائے تو بھی قانونی خامی کہا جا سکتا ہے فراڈ شادی نہیں کہا جا سکتا، انہوں نےکہا ایک طلاق ہوئی تو کیا مطلب مانیکا اور بشریٰ بی بی ابھی تک نکاح میں ہیں،کیونکہ نوٹس تو ابھی تک نہیں ہوا، سیکشن 7 کے مطابق آج بھی گاؤں میں طلاق نوٹس کے ذریعے نہیں دی جاتی۔
بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج تین بجے سنایا جائے گا۔
سماعتوں کا احوال
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی تھی۔رواں ماہ 9 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی تھی۔
9 جولائی کو ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں مرکزی اپیلوں کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کے حکم پر نظرثانی درخواست خارج کردی تھی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سیشن کورٹ کو ایک ماہ کے اندر اپیلوں پر فیصلہ کرنے کا حکم برقرار رکھا، ہائیکورٹ پہلے ہی سیشن کورٹ کو مرکزی اپیلوں پر ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرچکی ہے۔
8 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کے دوران جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم اہمیت رکھتا ہے، میں اس کی خلاف ورزی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
3 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 8 جولائی ملتوی کرتے ہوئے جج افخل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ 12 جولائی تک ہر حال میں فیصلہ سنانا ہے۔
2 جولائی کو وکیل سلمان اکرم راجا نے سزا معطلی کے درخواست مسترد ہونے کے فیصلے پر جزوی دلائل دیے تھے۔27 جون کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی تھی۔
13 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر 10 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی تھی، ساتھ ہی عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس میں مرکزی اپیلوں پر ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم بھی دیا تھا۔
عدت نکاح کیس میں عمران خان و بشریٰ بی بی کو سزا
3 فروری کو سول عدالت نے سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدت نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنادی گئی تھی۔31 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے دورانِ عدت نکاح کیس خارج کرنے کے لیے بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
قبل ازیں 18 جنوری کو دوران عدت نکاح کیس کے خلاف عمران خان کی درخواست پر کیس فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال کردی گئی تھی تاہم یہ واضح رہے کہ 16 جنوری کو عدت نکاح کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی جاچکی تھی۔
15 جنوری کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی غیر شرعی نکاح کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا، بشریٰ بی بی کی درخواست پر 17 جنوری کو کیس فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال کردی گئی تھی۔
عدت نکاح کیس کے اندراج کا پسِ منظر
واضح رہے کہ گزشتہ سال 25 نومبر کو اسلام آباد کے سول جج قدرت کی عدالت میں پیش ہو کر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح کا کیس دائر کیا تھا، درخواست سیکشن 494/34، B-496 ودیگر دفعات کے تحت دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ میراتعلق پاک پتن کی مانیکا فیملی سے ہے، بشریٰ بی بی سے شادی 1989 میں ہوئی تھی، جو اس وقت پر پُرسکون اور اچھی طرح چلتی رہی جب تک عمران خان نے بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ کے ذریعے اسلام آباد دھرنے کے دوران مداخلت نہیں کی، جو متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر اور درخواست گزار کو یقین ہے کہ اس کے یہودی لابی کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔
خاور مانیکا نے بتایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی شکایت کنندہ کے گھر میں پیری مریدی کی آڑ میں داخل ہوئے اور غیر موجودگی میں بھی اکثر گھر آنے لگے، وہ کئی گھنٹوں تک گھر میں رہتے جو غیر اخلاقی بلکہ اسلامی معاشرے کے اصولوں کے بھی خلاف ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ عمران خان وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ازدواجی زندگی میں بھی گھسنا شروع ہوگئے، حالانکہ اسے تنبیہ کی اور غیر مناسب انداز میں گھر کے احاطے سے بھی نکالا۔خاور مانیکا نے درخواست میں بتایا تھا کہ ایک دن جب اچانک وہ اپنے گھر گئے تو دیکھا کہ زلفی بخاری ان کے بیڈ روم میں اکیلے تھے، وہ بھی عمران خان کے ہمراہ اکثر آیا کرتے تھے۔انہوں نے درخواست میں بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی نے میری اجازت کے بغیر بنی گالا جانا شروع کر دیا، حالانکہ زبردستی روکنے کی کوشش بھی کی اس دوران سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
مزید لکھا تھا کہ بشریٰ بی بی کے پاس مختلف موبائل فونز اور سم کارڈز تھے، جو چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر فرح گوگی نے دیے تھے۔خاور مانیکا نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ نام نہاد نکاح سے قبل دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ غیر قانونی تعلقات قائم کیے، یہ حقیقت مجھے ملازم لطیف نے بتائی۔درخواست میں مزید بتایا تھا کہ فیملی کی خاطر صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن یہ سب ضائع گئیں، اور شکایت کنندہ نے 14 نومبر 2017 کو طلاق دے دی۔
خاور مانیکا کی درخواست کے مطابق دوران عدت بشریٰ بی بی نے عمران خان کے ساتھ یکم جنوری 2018 کو نکاح کر لیا، یہ نکاح غیر قانونی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ مزید لکھا تھا کہ دوران عدت نکاح کی حقیقت منظر عام پر آنے کے بعد دونوں نے مفتی سعید کے ذریعے فروری 2018 میں دوبارہ نکاح کر لیا، لہٰذا یہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 496/ 496 بی کے تحت سنگین جرم ہے، دونوں شادی سے پہلے ہی فرار ہوگئے تھے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو طلب کیا جائے اور انہیں آئین اور قانون کے تحت سخت سزا دی جائے۔11 دسمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف خاور مانیکا کی جانب سے دائر غیر شرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دے دیا تھا۔