ریاستی رٹ کو بار بار چیلنج اور خواتین کی آڑ لینا بلوچیت کی توہین ہے، علی مدد جتک


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیر زراعت حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے احتجاج کی آڑ میں اداروں کے ساتھ محاذ آرائی انتہائی افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کا امن خراب کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے ، جس کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے بلوچ خواتین کی عزت سب بلوچوں کی عزت ہے ۔بلوچوں میں چادر اور چار دیواری کا تقدس ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے ۔لیکن یہ کونسی روایت ہے جس میں بلوچ خواتین کو سڑکوں پہ احتجاج کی آ ڑ میں اداروں کے سامنے کھڑا کیا جائے ،انکا کہنا تھا کہ ادارے ملک کی عزت ہیں ان کے خلاف محاذ آرائی کس کے ایجنڈے اور کس روئیے کی عکاسی کرتے ہیں ریاستی رٹ کو بار بار چیلنج کرنا اور خواتین کی آڑ لینا بلوچ معاشرتی اقدار اور بلوچیت کی توہین ہے ،ریاستی ادارے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے محنت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت تاہم باہمی طور پر فائدہ مند حل تلاش کرنے کے لیے حقیقی طور پر متاثرہ فریقوں کے ساتھ تعمیری بات چیت کے لیے پرعزم ہے اور ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ مسائل پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔