تحریک انصاف ملکی خود مختاری کے خلاف کام کررہی ہے، رانا ثنااللہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی خود مختاری کے خلاف کام کررہی ہے، اس پر پابندی کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری سے ڈیکلیئریشن جاری ہوگا، پابندی کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی پر پابندی کا ڈیکلیئریشن 15 روز میں سپریم کورٹ جائے گا اور پھر عدالت نے فیصلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، یہ جب ہمیں جیلوں میں ڈال رہے تھے تو ہم مذاکرات کی بات کررہے تھے، لیکن عمران خان کسی سے بات کرنے کے لیے تیار ہی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان اگر کسی سے بات نہیں کرتے اور کہتے ہیں کہ وہ ہیں تو پاکستان ہے تو پھر پی ٹی آئی سے جو ہوسکتا ہے کرے، جو ہم سے ہوسکے گا ہم کریں گے۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ 12 ججز نے طے کیا تھا کہ جنرل مشرف کو آئین میں ترمیم کا اختیار ہے کیا وہ فیصلہ درست تھا؟
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جو پارٹی ملکی سالمیت کے خلاف بات کرے اس پر کوئی دھبہ نہیں؟ تحریک انصاف نے اپنے لیے خود گڑھا کھودا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے علاوہ سابق صدر عارف علوی، عمران خان اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوچکا، اب کہنا چاہتے ہیں کہ ’نومور‘ ۔ ہم اس ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے ہم سمجھتے ہیں کہ کہ اگر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو پھر تحریک انصاف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے کی جہاں دیگر سیاسی جماعتیں مخالفت کررہی ہیں وہیں مسلم لیگ ن کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔