بلوچستان

جعفر آباد کو پانی کی ترسیل بند، نہریں خشک ہوگئیں، تالابوں میں ذخیرہ کم پڑ گیا


ڈیرہ اللہ یار(قدرت روزنامہ)محکمہ ایری گیشن کی ہٹ دھرمی جاری، جعفرآباد کو نہری پانی کی ترسیل بند، نہریں خشک ہوگئیں، قیدی شاخ کو پانی کی عدم فراہمی سے واٹرسپلائی کے تالابوں میں بھی پانی کا ذخیرہ کم پڑ گیا، ڈیرہ اللہ یار میں پینے کے پانی کا سنگین بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا، ایکسیئن پی ایچ ای کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین وارہ بندیوں کے دوران واٹرسپلائی کو پانی کی فراہمی نہیں کی گئی، اب سوموار کو پانی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی، تفصیلات کے مطابق محکمہ ایری گیشن کی جانب سے جعفرآباد کو نہری پانی کی فراہمی نہیں کی جا رہی، کاشتکاروں کے مسلسل احتجاج کے باوجود ایری گیشن حکام کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، جعفرآباد کے لاکھوں ایکڑ کمانڈ ایریا کو سیراب کرنے والی نہروں قیدی شاخ، جھڈیر شاخ، ٹیمپل شاخ، بالان شاخ، باری شاخ اور محبت شاخ کو گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پانی کی ترسیل بند ہے جسکے باعث نہریں خشک ہوگئیں، کاشتکاروں کی جانب سے خریف سیزن میں لگائی گئی چاول کی پنیری بھی جل سڑ رہی ہے اور تالاب بھی خشک ہونے لگے ہیں، ڈیرہ اللہ یار میں واٹرسپلائی کے تالابوں میں پانی کا ذخیرہ چند روز کا رہ گیا جسکی وجہ سے واٹر سپلائی انتظامیہ شہری علاقوں کو یومیہ کی بجائے ہر دوسرے اور تیسرے روز پانی فراہم کر رہی، شدید گرمی میں پانی کی عدم فراہمی سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، رابطہ کرنے پر ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ محمد کاظم لونی نے بتایا کہ ایری گیشن حکام واٹر سپلائی کے لیے پانی فراہم نہیں کر رہے، قیدی شاخ ٹیل نہ ہونے سے واٹر سپلائی کو پانی کی ترسیل نہیں ہو رہی، تین وارہ بندیوں کے باوجود پانی کی فراہمی نہیں کی گئی، اب سوموار کو پانی کی ترسیل شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، انکا کہنا تھا کہ سوموار کو وارہ بندی کے تحت پانی فراہم کی گئی تو بحران کو قابو کیا جاسکتا ہے البتہ بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، پانی کی ترسیل شروع کرانے کے لیے ایری گیشن حکام سے مسلسل رابطے جاری ہیں، قوی امید ہے کہ وارہ بندی پر عمل کرتے ہوئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، ایکسیئن کا مزید کہنا تھا کہ گرمیوں میں پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے، واٹرسپلائی کے تالابوں میں ممکنہ بندش کے پیش نظر پانی وافر مقدار میں ذخیرہ کیا گیا تھا تاہم کھپت زیادہ ہونے اور مقررہ وقت پر پانی کی ترسیل شروع نہ ہونے سے ذخیرہ کم پڑ گیا اور بحران پیدا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں