اسلام آباد

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ مقدمہ، پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کی آخری مہلت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری مہلت دیتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 6 اگست تک توسیع کی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ پولیس نے مقدمے کا نامکمل ریکارڈ پیش کیا تو عدالت نے حکم دیا کہ پولیس کے پاس جو بھی تفتیش ہے وہ آئندہ سماعت پر مکمل کرکے عدالت میں پیش کرے۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ لا اِن آرڈر کی صورتحال کے باعث ملزمان سے تفتیش نہیں ہوسکی، عدالت ہمیں ملزمان سے تفتیش مکمل کرنے کی مہلت فراہم کرے۔ جج خالد ارشد نے کہا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے لا اِن آرڈر کی صورتحال تو 2 دن پہلے تھی۔
پولیس نے کہا کہ فورس یکم محرم الحرام سے لیکر 10 محرم الحرام تک لا ان آرڈر کی ڈیوٹی کرتی ہے۔ جج نے کہا کہ 13 ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں اور کتنی مہلت چاہیے؟ جو ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے وہ شامل تفتیش ہوں۔
ملزمان عمر ایوب، مسرت چیمہ، جمیشد چیمہ، زین قریشی سمیت دیگر نے عدالت میں پیش ہو کر اپنی پانی حاضری مکمل کروائی۔

متعلقہ خبریں