کراچی میں گرمی اور حبس کا راج، کل تک بارش کا امکان


کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں سمندری ہوائیں غیر فعال ہونے کے سبب شدید گرمی اور حبس برقرار ہے جبکہ کل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباو برقرار ہے جس کی وجہ سے مون سون سلسلہ مسلسل سندھ میں داخل ہو رہا ہے۔
کراچی میں آج بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں آج اور کل شام تا رات بونداباندی کا امکان ہے جبکہ اس دوران کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مختلف سمتوں سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ آج کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے جبکہ نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب درجہ حرارت 48 ڈگری تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔کراچی میں پیر کو بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ منگل سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔