آئی سی سی اجلاس: بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کا بجٹ منظور
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں بھارت کی مخالفت کے باوجود آئندہ سال پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کا بجٹ منظور کرلیا گیا۔
آئی سی سی کا 4 روزہ سالانہ اجلاس سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہوا جس میں نئے قوانین بنانے اور ٹی20 ورلڈ کپ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی سی سی کے اجلاس میں چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بجٹ منظور ہونے کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ آئندہ برس ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا۔
اجلاس میں بھارت کی خواہش کے برعکس ہائبرڈ ماڈل یا ایونٹ کی کسی دوسرے مقام پر منتقلی کے حوالے سے بھی کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات سے مطمئن ہے، البتہ بھارت اب بھی ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ میں بھارتی بورڈ نے بہانہ بنایا تھا کہ حکومت کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے، اب اگر ایسا کیا گیا تو پاکستان کی جانب سے اس پر تحریری جواب طلب کیا جائے گا۔