بلوچستان کے سیلاب بحالی منصوبوں سے متعلق اجلاس ، سرفراز بگٹی کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن کی زیر صدارت بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بعذریہ ویڈیو لنک شرکت کی وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی سرگرمیوں کے لئے گرانٹ پر وفاق کا شکریہ ادا کرتے ہیں بلوچستان میں 2010 اور 2022 کے سیلابوں سے بڑی تباہی آئی انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بحالی منصوبوں کے میٹ آفس کا کوئٹہ میں قیام ضروری ہے انہوں نے تجویز دی کہ پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات بلوچستان کو کمیٹی میں شامل کیا جائے انہوں نے کہا کہ کچھی کینال پروجیکٹ صوبے کا اہم زرعی منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے فوری اجلاس کا انعقاد ضروری ہے جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تجویز پر وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو کچھی کینال سے متعلق جائزہ اجلاس جلد منعقد کرنے کی ہدایت کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر جلد عمل درآمد اور انکی بروقت تکمیل سے صوبے میں ناصرف مواصلاتی رابطے مضبوط ہونگے بلکہ صوبے کی مجموعی تعمیر و ترقی اور انفراسٹرکچر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وفاق کا تعاون ناگزیر ہے اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبدالباسط پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون سیکرٹری خزانہ بابر خان سمیت متعلقہ حکام کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔