مولانا صدیق مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا، اللہ کرے عدالتیں ان کو سزا دیں، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار میں جمعیت علماءاسلام کے رہنما، صدر پریس کلب مولانا صدیق مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے، اللہ کرے عدالتیں قاتلوں کو سزا دیں، اسلم عمرانی کے قاتلوں کو بھی جلد گرفتار کریں گے، چار افراد ان میں گرفتار ہیں، باقی کو بھی جلد گرفتار کرینگے، پولیس اور لیویز کو مکمل طور پرغیر سیاسی بنائیں گے، آج کے بعد کسی کے فرمائش پر کوئی پولیس آفیسر تعینات نہیں ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی اجلاس میں امن وامان پر دو گھنٹے بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم پولیس اور لیویز کو جدید طر ز کی سہولیات فراہم کرینگے اگر پولیس غیر سیاسی کرنا ہے تو مکمل غیر سیاسی کریں، آج کے بعد پولیس کو مکمل غیر سیاسی سمجھیں آئی جی پولیس کو حکم دیتا ہوں کہ وہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں سے اچھے آفیسران کو بلوچستان میں تعینات کریں کسی کے سفارش کو خاطر میں نہ لائیں۔