میونسپل کارپوریشن حب میں ان ہاﺅس تبدیلی لائیں گے، علی حسن زہری


حب(قدرت روزنامہ)صوبائی مشیربرائے صنعت و حرفت بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہاہے کہ نواب جام کمال خان عالیانی ہمارے لئے نہایت قابل احترام اور ہمارے بڑے ہیں اور مجھے ان کی سیاسی بصیرت پر مکمل اعتماد ہے ، نواب صاحب کی بلوچستان کے عوام بالخصوص حب و لسبیلہ کے عوام کے لئے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔وفاقی وزیر نواب جام کمال خان اور ہمارے درمیان حب و لسبیلہ کے لئے سہولیات کی فراہمی اور دیرپا ترقی کے حوالے سے مکمل اتفاق ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب میں نواب جام کمال عالیانی کے ساتھ میونسپل کارپوریشن حب میں تبدیلی لانے کے فیصلے پر اتفاق ہونے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حب میونسپل کارپوریشن میں ان ہاﺅس تبدیلی کے لئے ہمارے درمیان اتفاق ہو گیا ہے اور بہت جلد عدم اعتماد کے ذریعے متفقہ طور پر نئے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں جماعتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان ہاﺅس تبدیلی کی اجازت دے دی ہے اور انہی کی ہدایات پر حب میونسپل کارپوریشن میں ان ہاﺅس تبدیلی لائی جا رہی ہے جس سے حب کی تقدیر بدل جائے گی اور تیز رفتار ترقی اور عوامی مفادات کے منصوبوں پرعملدرآمد ہو سکے گا۔ اس سے پہلے میونسپل کارپوریشن حب میں ان ہاﺅس تبدیلی اور دیگر امور پر صوبائی وزیر میر علی حسن زہری اور نواب جام کمال کے نمائندوں کے درمیان اہم بات چیت ہوئی ۔ میٹنگ میں طے ہوا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری اور نواب جام کمال خان عالیانی کے اتفاق رائے کی بنیاد پر چئیرمین اور وائس چیئرمین کو نامزد کیا جائے گا ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہم نواب جام کمال خان کے ساتھ مل کر حب میونسپل کارپوریشن کو بہترین ادارہ بنا کر دکھائیں گے اور شہر کی کی تیز رفتارترقی اور خوشحالی کے لئے بہترین اور موثراقدامات اٹھائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں میونسپل کارپوریشن حب کی کارکردگی صفر تھی جس کی وجہ سے حب شہر کے عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم رہے ۔کروڑوں روپے کے فنڈز کے باوجود حب شہر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے اور شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا۔ اب تک میونسپل کارپوریشن جیسا ادارہ شہرکے مسائل کے حل کی بجائے صرف چند نام نہاد لیڈروں جنہوں نے حب شہر پر کبھی کوئی توجہ نہیں دی کے ذاتی مفادات کے لئے استعمال ہوتارہا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ نواب جام کمال خان اور ہمارے درمیان اس بات پر مکمل اتفاق ہوا ہے کہ حب شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کیا جائے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن دستیاب وسائل بروئے کار لا کر حب شہر کو ایک جدید اور سہولیات سے آراستہ شہر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں یوسف بلوچ، سیف اللہ شیخ، عظیم سیاں، ممتاز مگسی، میر فتح جاموٹ، وکیل ارشد پارس، میر عالم جاموٹ، میر خان زہری اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔