آج کل کنواری لڑکیاں شادی شدہ مردوں کو پسند کرتی ہیں، فاطمہ آفندی
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فاطمہ آفندی نے کہا ہے کہ آج کل کی لڑکیاں کنوارے لڑکوں کے بجائے شادی مردوں کی طرف مائل ہورہی ہیں۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران فاطمہ آفندی نے اپنے کیریئر، بچوں اور نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات کے بارے میں بات کی۔
پوڈکاسٹ کے دوران میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فاطمہ آفندی نے کہا کہ میں نے بہت سی خواتین کو دیکھا ہے کہ اگر اُن کا شوہر کسی لڑکی کے ساتھ تعلقات بناتا ہے تو وہ خواتین اُس لڑکی سے لڑائی، جھگڑا کرنے پہنچ جاتی ہیں۔فاطمہ آفندی نے کہا کہ میں ایسی خواتین کو یہی کہنا چاہوں گی کہ آپ کا اپنا سِکہ کھوٹا ہے، اگر آپ نے کسی کا گریبان پکڑنا ہے تو اپنے شوہر کا پکڑیں کیونکہ آپ کا شوہر دودھ پیتا بچہ نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میری نظر میں وہ خاتون بھی بےقصور نہیں ہے جو ایک شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات میں ہے، میں آج کل یہی دیکھ رہی ہوں کہ اب لڑکیاں شادی شدہ مردوں کی طرف مائل ہورہی ہیں کیونکہ شادی شدہ مرد معاشی طور پر مستحکم ہوتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس میں سوشل میڈیا کا بڑا ہاتھ ہے کیونکہ اب لوگ سوشل میڈیا پر نظر آنے والی دوسروں کی زندگیوں سے متاثر ہورہے ہیں اور وہ بھی یہی چاہتے ہیں کہ اُن کی زندگی بھی لگژری ہو۔ فاطمہ آفندی نے مزید کہا کہ اس لگژری زندگی کے حصول کے لیے لڑکیاں شادی شدہ مردوں کو پسند کررہی ہیں، یہ سب دیکھ کر مجھے اپنے بچوں کے لیے بہت ڈر لگتا ہے۔