پولیس جانثاروں کے ورثا کے معاوضے کو 3 گنا بڑھایا جائے گا، آئی جی بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)آئی جی پو لیس بلو چستان عبد الخاق شیخ نے یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے بلوچستان پولیس کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں شہداءپولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا ہو گا تاکہ جو ہماری منزل ہے وہ ہمیں ملے۔ جو ہمیں منزل سے ہٹانا چاہتے ہیں گمراہ کرنا چاہتے ہیں ہم ان کے پروپیگنڈا کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر آنے والا نیا دن روشنی لاسکتا، اجھالا لاسکتا ہمیں کسی نہ کسی طرح ان کے راستے پر چلنا ہو گا جس کے لئے ہمارے شہداءنے اپنا خون بہایا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں ہمیشہ پروان چڑھتی ہے قربانیوں سے اور کوئی راستہ نہیں اس لیے شہیدوں کا رول بہت اہم ہے شہیدوں کی قربانی یہ ہے کہ انہوں نے اپنے خون کی قربانی دی ہے اور ہماری قربانی یہ ہے کہ ہم اپنی سوچ کو بدلیں۔ شہداءکے ورثاءکی کفالت کو ہم نے اپنے اوپر فرض کئے رکھا ہے اس کے لئے بلوچستان پولیس مختلف منصوبو ں پر کام کر رہی ہے جس میں سے شہداءکے بچوں کے اعلیٰ تعلیم کے لئے جو منصوبہ شروع کیا گیا تھا اس کے تحت تقریبا ً 90کے قریب لواحقین کے بچوں کو تعلیم دلوانے کے لئے گیڈٹ کالجوں میں داخل کروایا گیا ہے۔ ساتھ ساتھ ہماری طرف سے حکومت بلوچستان کو یہ تجاویز دی گئی ہیں کہ شہدا کے ورثا کے معاوضے کو 3 گنا بڑھایا جائے۔ جس پر اصولی طور حکومت بلوچستان مان چکی ہے اور پولیس فورس حکومت بلوچستان کے احسن اقدام پر ان کی شکر گزار ہیں۔ تقریب کے آخر میں ائی جی پولیس بلوچستان نے تمام مہمانوں خصوصاً شہدائکے لواحقین کا پروگرام میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔