کھیل

پیرس اولمپکس 2024: الجزائر کے لیے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والی کیلیا نیمور کون ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الجزائر کی 17سالہ کیلیا نیمور نے پیرس اولمپکس 2024 میں جمناسٹک کے فائنل مقابلے میں چین کی کیو کیوآن اور امریکا کی سنیسالی کو ہرا کر سونے کا تمغہ جیتنے والی پہلی افریقی کھلاڑی بن گئیں۔ کیلیا نیمور نے مقابلے میں کئی بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ کر مقابلے میں اپنے ملک کے لیے پہلا تمغہ درج کرایا۔
اتوار کو ہونے والے مقابلے میں 17 سالہ فرانسیسی نژاد ایتھلیٹ کیلیا نیمور کے دلکش جمناسٹک کرتب نے شائقین کو حیران کردیا۔ کیلیا نیمور کا مقابلہ چین کی کیو کیوآن سے تھا جس نے بڑی آسانی کے ساتھ 15.500 کا اسکور پوسٹ کیا، لیکن جمناسٹک کی ابھرتی ہوئی اسٹار کیلیا نیمور نے چینی جمناسٹر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 15.700 کے اسکور کے ساتھ جیت اپنے نام کی۔
چینی جمناسٹر کیو کیوآن نے سلور جبکہ امریکا کی سنسیالی نے برونز میڈل حاصل کیا، جبکہ اولمپک کی دفاعی چیمپئن بیلجیئم کی نینا ڈیرویل چوتھے نمبر پر رہیں۔
’میری زندگی کی کارکردگی‘
نوجوان جمناسٹر کیلیا نیمور نے فتح اپنے نام کرتے ہی الجزائر کے جھنڈے کو اپنے اوپر لپیٹ لیا، اور تالیوں کی گونج کے ساتھ ہجوم کا سامنا کیا۔ کیلیا نیمور نے کہا کہ میں بہت حیران ہوں، یہ میری ساری زندگی کا خواب تھا۔ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں نے یہ اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
’کوالیفائنگ میں میرے پاس 15.600 تھے، جب میں نے اسکور دیکھا کہ 15.500 ہے تو میں نے سوچا، مجھے واقعی لڑنا ہے اور اپنی زندگی کی کارکردگی پیش کرنی ہے، مجھے یہ تمغہ حاصل کرنے پر فخر ہے‘۔
واضح رہے کیلیا نیمور نے فرانسیسی جمناسٹک فیڈریشن کے ساتھ تنازعہ کے بعد گزشتہ سال سے الجزائر کے لیے کھیلنا شروع کیا۔ فرانسیسی فیڈریشن نے کیلیا نیمور کو طبی بنیادوں پر مقابلہ کرنے سے روکا تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنے والد کے ملک کی نمائندگی کرنا شروع کر دی۔

متعلقہ خبریں