ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے عُمر شریف کیلئے کیا کہا تھا؟
کراچی (قدرت روزنامہ)حال ہی میں انتقال کرجانے والے پاکستان کے کامیڈین کنگ عُمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر سوشل میڈیا پر وہ یادگار الفاظ شیئر کیے ہیں جو ڈاکٹر صاحب نے عُمر شریف کے لیے بولے تھے۔
زرین غزل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماضی کی نایاب تصویر شیئر کی ہے جس میں پاکستان کے ہیروز عُمر شریف اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
View this post on Instagram
عُمر شریف کی اہلیہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ ’یہ تصویر 2 مئی 2019 کی ہے، جب چاغی میں عُمر شریف کی ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کے ساتھ ایک ملاقات ہوئی تھی۔‘
زرین غزل نے کہا کہ ’اسی ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب نے کہا تھا کہ اگر عُمر شریف اپنے لیے کوئی اور پیشہ منتخب کرتے تو وہ ’سائنسدان‘ کے پیشے کو ترجیح دیتے۔‘
عُمر شریف کی اہلیہ نے کہا کہ ’ڈاکٹر صاحب نے یہ بھی کہا کہ عمر کامیڈی کا بادشاہ ہے تو وہ ایٹمی دُنیا کا بھی بادشاہ ہوتا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ڈاکٹر صاحب کے یہ الفاظ سُن کر عُمر بہت زیادہ خوش ہوئے تھے۔‘زرین غزل نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مغفرت کے لیے دُعا بھی کی تھی۔زرین غزل نے مزید بتایا کہ ’یہ تصویر 2 مئی 2019 کو اسلام آباد میں ہاشوانی بھائی کے گھر پر لی گئی تھی۔‘
واضح رہے کہ معروف ایٹمی سائنسدان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان گزشتہ روز خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں گزشتہ صبح طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔دوسری جانب پاکستان کے کامیڈین کنگ عُمر شریف بھی رواں ماہ 2 اکتوبر کو شدید علالت کے بعد دُنیا سے رخصت ہوگئے۔