پشاور(قدرت روزنامہ) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے تمام صوبائی وزرا، مشیروں اورمعاونین خصوصی کو تنبیہ جاری کردی .
کمیٹی رکن کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم کے ارکان کے خلاف شکایات موجود ہیں ، لیکن کسی کوبلاوجہ پریشان نہیں کرنا چاہتے، انہیں چاہیے کہ وہ احتیاط کریں .
کمیٹی کو متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں، تاہم کسی فرضی یابغیرثبوت کے شکایت پر کراروائی نہیں کررہے .
انہوں نے کہا کہ کمیٹی پارٹی منشور، حکومتی ایجنڈا ، مالی معاملات اور کارکردگی کی بنیاد پرحکومتی ٹیم کے ارکان کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی ہے . فی الحال صرف صوبائی وزیر برائے سی اینڈڈبلیو شکیل احمد کی کمیٹی میں پیشی ہوئی ہے . جس کسی وزیر،مشیر یا معاون خصوصی کو ضروری سمجھا کمیٹی میں طلب کیاجائے گا .
رکن کمیٹی کے مطابق ہم نہ تو کسی کو حکومت سے نکال سکتے ہیں اور نہ ہی شامل کرسکتے ہیں ، ہمارا کام بانی چیئرمین کو رپورٹ پیش کرنا ہے . ہم ماہانہ یا سہ ماہی رپورٹ نہیں بلکہ ایشوز اور حکومتی ٹیم ارکان کی انفرادی رپورٹیں بھی بانی چیئرمین کو پیش کریں گے . بانی چیئرمین نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہر صورت پورا اتریں گے . جو حکومتی ٹیم ارکان پارٹی منشور اورحکومتی ایجنڈے کے مطابق کام کررہے ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے .