اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی عدالت نے کارحادثہ کیس میں پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کی کار حادثہ کیس میں ضمانت منظور کرلی .
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی .
فریقین کی جانب سے عدالت میں صلح نامہ پیش کردیا گیا . عدالت نے فریقین کے درمیان صلح نامے کی بنیاد پر علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی . علی وزیر کی ضمانت کی درخواست پر ڈیوٹی مجسٹریٹ عدنان یوسف نے سماعت کی .
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی تھی . اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کے خلاف کیس کی سماعت کی . پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی . عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا . علی وزیر کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا .
واضح رہے کہ علی وزیر کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں انہیں رواں ماہ کے آغاز پر گرفتار کیا گیا تھا .