بلوچستان

ریاست بلوچ لاپتا اور گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرنے سے کیوں ڈر رہی ہے، لواحقین


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے بلوچ فار مسنگ پرسنز کے زیرا ہتمام اتوار کو لاپتہ ہونے والے راشد حسین کی بازیابی کے لئے عدالت روڈ سے ریلی نکالی گئی جو عدالت روڈ، سرکلر روڈ، جناح روڈ اور منان چوک سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی، مظاہرین نے بینرز، پلے کارڈ اور لاپتہ افراد کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین سے لاپتہ ہونے والے افراد راشد حسین، ظہیر احمد، مٹھا خان مری، نور عالم، غلام فاروق بلوچ، گل محمد مری، شربت عزیز، جمیل سرپرہ، عبدالرزاق کی والدہ، ڈاکٹر عبدالحئی کی ہمشیرہ، جہانزیب کی بیٹی، راشد حسین کی بھتیجی، بیبرگ بلوچ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ مظاہرے میں بیبو بلوچ، گل زادی بلوچ سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ہمارے پیاروں کو گزشتہ کئی سال سے لاپتہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ، عزیز و اقارب اذیت اور کرب کی زندگی گزار رہے ہیں، حکومت فوری طور پر تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائے، ریاست لاپتہ اور گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرنے سے کیوں ڈر رہی ہے، اب بلوچ قوم بیدار ہوچکی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ کو کہتے ہیں کہ وہ ہمارے سامنے بیٹھ کر ہمارے لوگوں کے ثبوت دیں، ہمارے پر امن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے فائرنگ کی گئی جس سے کئی لوگ موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے، مظاہرین نے لاپتہ افراد کی بازیابی بلوچ نسل کشی کو بند کرنے اور جبری گمشدگیوں کو نا منظور سمیت جینے کا حق دو کے نعرے لگائے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ خبریں