معروف کالم نگار و تجزیہ کار اوریا مقبول جان گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایف آئی اے نے معروف کالم نگار و تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اہلکاروں نے سابق بیوروکریٹ اوریا مقبول جان کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اوریا مقبول جان کو لاہور کی ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) فیز6 سے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ اوریا مقبول جان کو آج جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، اوریا مقبول جان پر مذہبی منافرت پھیلانے، اور اداروں کی تضحیک کا الزام ہے۔
معروف یوٹیوبر اوریا مقبول جان کی گرفتاری کی سوشل میڈیا پر صحافیوں نے بھرپور مذمت کی، عمران ریاض خان نے ان کی گرفتاری کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ اختلاف رائے کوئی جرم تو نہیں ہے۔
صحافی شاکر اعوان نے لکھا کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوریا مقبول جان کو مبارک ثانی کیس پر اختلاف رائے کا اظہار کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک خاتون شمع جنیجو نے لکھا کہ اوریا مقبول کی گرفتاری کی خبر دیکھی ہے، کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے؟
واضح رہے گزشتہ سال 13 مئی 2023 کو بھی لاہور پولیس نے اوریا مقبول جان کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر انہیں گرفتار کیا تھا۔