سندھ بلوچستان میں بارشوں کے باعث حب ڈیم میں پانی کی سطح 332 فٹ تک پہنچ گئی
حب(قدرت روزنامہ)بلوچستان کیرتھر کے پہاڑوں پر پچھلے چند دنوں کے دوران ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث حب ڈیم میں پانی کی آمد و رفت میں اضافہ ہوا ہے اور پانی کی موجودہ سطح 332 فٹ تک تقریبا پہنچ چکی ہے جو اس سے قبل یکم اگست تک 327 فٹ تھی آنے والے دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جس کے سبب حب ڈیم کی سطح میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ڈیم کو مکمل بھرنے کے لیے اب صرف سات فٹ پانی مزید درکار ہے، پانی کی سطح 339 فٹ ہونے کے بعد ڈیم کے سپل وے کھول دیے جاتے ہیں۔یاد رہے حب ڈیم کی پانی کی سطح میں بڑھتا ہوا رجحان 2019 سے دیکھا جارہا ہے جس کا تعلق بلوچستان میں بڑھتی ہوئی مون سون کی بارشیں ہیں جس کے سبب اب ہر سال وافر مقدار میں پانی کی آمد ہورہی ہے۔