کنگنا رناوت کی ‘امبانی ویڈنگ’ میں شرکت نہ کرنے کیوجہ سامنے آگئی
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے ایشیا کے امیر ترین بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔
رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں شروع ہونے والی اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات 14 جولائی تک ممبئی میں جاری رہی تھیں جن میں بالی ووڈ اسٹارز اور بھارتی کرکٹرز سمیت دُنیا بھر کی شوبز اور بااثر شخصیات نے شرکت کی تھی۔
مکیش امبانی نے بیٹے کی مہنگی اور عالیشان شادی میں دُنیا بھر سے نامور شخصیات کو بھارت لانے کے لیے 100 نجی جیٹ طیاروں کا استعمال کیا تھا جبکہ شادی کے اختتام پر اننت امبانی نے شاہ رخ خان، رنویر سنگھ، ارجن کپور اور دیگر دوست فنکاروں کو دو دو کروڑ مالیت کی گھڑیاں تحفے میں دی تھیں۔
اس شادی میں جہاں تقریباََ تمام بالی ووڈ اسٹارز نے شرکت کی تھی تو وہیں اداکارہ کنگنا رناوت اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تمام تقریبات سے غائب رہیں تھی۔
سوشل میڈیا صارفین اپنے طرف سے اندازے لگا رہے تھے کہ شاید مکیش امبانی نے کنگنا رناوت کو بیٹے کی شادی پر مدعو نہیں کیا تھا، تاہم اب اداکارہ نے اس حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ جس دن اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی تھی، اُسی دن میرے بھی بھائی کی شادی تھی۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ میرے پاس اننت امبانی کا فون آیا تھا، اُنہوں نے شادی میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا لیکن میں نے اُن سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے گھر میں میرے بھائی کی شادی ہے لہٰذا میں آپ کی شادی میں نہیں آسکوں گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی شادی میں شرکت نہیں کرتی، اگر کوئی مدعو بھی کرتا ہے تو پہلے ہی معذرت کرلیتی ہوں۔