لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے 48 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے تقرر اور تبادلوں کے احکامات جاری کردیے گئے . سانحہ 9 مئی کے کیسوں کی سماعت کرنے والے راولپنڈی، لاہور، سرگودھا اور گوجرانولہ کے ججز کو بھی تبدیل کردیا گیا .
انسداد دہشت گردی راولپنڈی عدالت کے جج کو بھی تبدیل کردیا گیا . ملک اعجاز آصف کو راولپنڈی سے لاہور منتقل کردیا گیا . ملک اعجاز آصف سانحہ 9 مئی کے 14 کیسوں کی سماعت کر رہے تھے . ان پر 9 مئی کیسز کے پراسیکیوٹرز نے اعتراض کیا تھا .
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو فوری چارج چھوڑنے کا حکم دیا گیا . تبادلے کا حکم آتے ہی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے چارج چھوڑ دیا . تاہم انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کیلئے نئے جج کی تاحال تعیناتی نہیں کی گئی .
اٹک ،جہلم،چکوال کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بھی تبدیل کردیا گیا . سرگودھا کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عباس کو بھی تبدیل کردیا گیا جنہوں نے لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا .
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سید علی عمران کو تبدیل کرکے رحیم یار خان تعینات کردیا گیا . چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد نوٹفکیشن جاری کردیا گیا .
9 مئی کیسز کی سماعت کرنے والے جج خالد ارشد کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا اور فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا . اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا . نسیم ورک کو سیشن جج لاہور تعینات کردیا گیا .
سیشن جج میانوالی قیصر بٹ کو بھی لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا . سیشن جج راجہ غصنفر علی کو جہلم سے اوکاڑہ ٹرانسفر کردیا گیا .
ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری سرفراز اختر کو سیشن جج بہاولپور تعینات کردیا گیا . اینٹی کرپشن جج ارشد حسین بھٹہ کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا اور فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا .