کراچی پولیس نے اپنے پیٹی بھائی کو بھی نہ بخشا، رشوت مانگنے کی ویڈیو وائرل


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی پولیس نے رشوت میں اپنے پیٹی بھائی کو بھی نہ بخشا اور شکایت درج کرانے کے لیے آنیوالے اہلکار سے رقم مانگ لی جس کی اہلکار نے ویڈیو بناکر وائرل کردی۔
رشوت لینے کا واقعہ ایسٹ کمپلین سیل میں پیش آیا جہاں خاتون اہلکار نے متاثرہ اہلکار سے 50 ہزار روپے سے زائد رشوت کا مطالبہ کیا جس پر متاثرہ اہلکار نے کہا کہ میرے پاس صرف 30 ہزار ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق خاتون اہلکار کی جانب سے رشوت کا مطالبہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایڈیشنل آئی جی نے ویڈیوکانوٹس لے لیا۔
پولیس ترجمان کا بتانا ہے کہ رشوت لینے میں ملوث تمام اہلکاروں کو معطل کرکے ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا نے بتایا کہ کمپلین سیل کی 4خواتین اہلکاروں کو معطل کرکے واقعے کی انکوائری شرو ع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ شخص بھی پولیس اہلکار ہے جو اپنے خلاف درج شکایت کے سلسلے میں کمپلین سیل گیا تھا۔