انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ لاہور سے گرفتار، بھارتی باشندے ملوث ہونے کا انکشاف
لاہور(قدرت روزنامہ) اداروں کی بڑی کامیابی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ قانون کے شکنجے میں آگیا۔انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نشاندہی پر ایف آئی اے لاہور سرکل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
نیٹ ورک سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر لوٹنے میں ملوث تھا جس نے سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے۔
گروہ جعلی دستاویزات کی تیاری میں مہارت رکھتا تھا اور اس کا اپنا پرنٹنگ پریس تھا جس میں کئی ملکوں کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔
مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی اس گروہ سے معاونت لیتے رہے ۔ نیٹ ورک کا انٹرنیشنل ڈنکی گروہوں سے بھی رابطے کا انکشاف ہوا۔
دورانِ تفتیش پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بےنقاب ہوگئی۔ مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اور افغانی باشندے ملوث ہیں۔