پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے،مریم نواز
لاہور (قدرت روزنامہ ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے۔
عالمی یومِ جمہوریت پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ جمہوریت زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد، جمہوریت کے تحفظ کیلئے محمد نواز شریف سمیت تمام جمہور پسند رہنماں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، مسلم لیگ ن نے ہی جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے، معاشی اور سیاسی استحکام صرف توانا جمہوریت ہی لا سکتی ہے، جمہوریت محض طرزِ حکومت نہیں، بلکہ عوام کی طاقت، حقوق اور انکی خدمت کا نظریہ ہے۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ جمہوریت عوام کو اپنے نمائندوں کے ذریعے خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیتی ہے، جمہوریت کے استحکام سے ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آتی ہے، جمہوریت کا نظام آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے، جمہوریت معاشرتی انصاف کی ضمانت اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ ہے۔