گورنر پنجاب کے بیان پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاردعمل آ گیا
لاہور ( قدرت روزنامہ ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کا کام پنجاب اسمبلی اور کابینہ کے اقدامات اور فیصلوں پر مہر لگانا ہوتا ہے۔ گورنر کابینہ کے فیصلوں کو مسترد کرنے کا مجاز نہیں ہوتا۔ گورنر پنجاب سابق وفاقی وزیر رہ چکے ہیں انہیں کابینہ کے فیصلوں کی اہمیت کے بارے میں اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے سلیکشن کمیٹی کی منظوری کابینہ نے دی۔سلیکشن کمیٹی نے یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر تعیناتی کے خواہشمند تمام امیدواروں کے انٹرویو کئے اور اہل،سینئر اور تجربہ کار لوگوں کے نام بطور وائس چانسلر تجویز کیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے تحریک انصاف نامی جماعت موجود ہے۔ گورنر پنجاب اپوزیشن کا رول ادا کرنے کی بجائے گورنرشپ کو آئینی عہدے تک محدود رہنے دیں۔