لاہور جلسہ؛ علی گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ روانہ، پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن تیار
پشاور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے لاہور جلسے کے لیے علی گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ روانہ ہوگیا جب کہ قافلوں میں تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکن بھی شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے لاہور جلسے میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا خصوصی کنٹینر تیار کرکے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ پہنچایا گیا۔ اسی طرح دیگر پارٹی قائدین کے لیے مزید 2 کنٹینرز موٹر وے ٹول پلازہ پہنچائے گئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا قافلہ تقریباً گیارہ بجے پشاور سے صوابی کے لیے روانہ ہوا، جس میں جنوبی اضلاع اور پشاور سٹی کے قائدین و کارکن شامل ہوئے۔ صوابی سے وزیراعلیٰ علی امین کی قیادت میں خیبرپختونخوا کے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔ کنٹینرز میں پارٹی ترانوں کے لیے ڈی جے میوزک کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور جلسے میں شرکت کے لیے کارکنوں کےلیے صوابی انٹرچینج پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، جہاں صوبے سے آنے والے قافلے جمع ہوئے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی جلسے کےلیے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کا بےدریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری استقبالیہ کیمپ پہنچائی گئی جب کہ کرینیں، ایمبولینسیں، فائر بریگیڈ اور دیگر گاڑیاں بھی پہنچائی گئیں۔
دوسری جانب لاہور جلسے میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکن بھی تیار ہوئے، جنہوں نے جلسے کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈنڈے اٹھا رکھے ہیں۔ ڈنڈے اٹھائے کارکنوں کی تصاویر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کی ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے کہا ہے کہ ہم ہر حال میں آج تخت لاہور پہنچ کر رہیں گے۔ کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔ دلہا لاہور آ رہا ہے، سب تیار رہیں۔
علاوہ ازیں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور میں کل سے پولیس گردی کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے بہانے ڈھونڈے جارہے ہیں۔ کل رات کارنر میٹنگ کے انعقاد پر 20 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راج کماری مریم نواز اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کی خود ذمے دار ہوگی۔ جعلی حکومت فسطائیت سے باز آ جائے اور ہمیں جمہوری حق سے محروم نہ کرے۔ پی ٹی آئی پُرامن جلسے کی خواہاں ہے جعلی حکومت بھی ماحول پُرامن بنائے۔ ایس او پیز پر جعلی حکومت خود بھی عمل درآمد یقینی بنائے۔ پکڑ دھکڑ کے بہانے نہ بنائیں، پی ٹی آئی ڈرنے والی جماعت نہیں ہے۔