شہباز شریف کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکا میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، فلسطین سے متعلق ان کی تقریر کی تعریف کی اور دورہ پاکستان کی دعوت کی . جس پر ترک صدر نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی .

وزیراعظم شہباز شریف نے رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے صدر کی تقریر فلسطینیوں کے دلوں کو چھو لینے والی تھی، ترک صدر سے بہت سے معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے . وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ترک صدر بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، ہم نے آئی ایم ایف کی بہت کڑی شرائط بھی پوری کردی ہیں، سعودی عرب، چین اور یو اے ای کے تعاون کا شکر گزار ہوں . انہوں نے کہا کہ چین نے ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان کا ہاتھ تھاما، ہم نے معاشی چیلنجز کو قبول کیا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی، کل آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں، ہم نے ان کی تمام شرائط پوری کردی ہیں . شہباز شریف نے کہا کہ چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا، آئی ایم ایف معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، آئی ایم ایف کی کچھ شرائط کا تعلق چین سے تھا، چینی حکومت نے ماضی کی طرح دوبارہ پاکستان کا ہاتھ مضبوط کیا . انہوں نے چینی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشی چیلنجز کو ہم نے قبول کیا، اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل و کرم سے حکومت اور تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا، معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آرہی ہے . وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر کے خطاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے صدر نے فلسطین کا مسئلہ جس طرح بیان کیا، اس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھوا، ترکیہ کے صدر کو ان کے خطاب پر مبارکباد پیش کرتا ہوں . . .

متعلقہ خبریں