کراچی میں دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، بیٹا زخمی، ایک ڈاکو گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر والد جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا جب کہ ایک ڈاکو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی کے علاقے بلال چورنگی پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت عبدالمالک (باپ) اور کاشف (بیٹا) کے ناموں سے ہوئی، جن میں سے 50 سالہ عبدالمالک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار تین ڈاکوؤں نے فیکٹری کے گیٹ کے سامنے باپ بیٹا سے رقم لوٹنے کی کوشش کی۔ رقم چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکو فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باپ بیٹا ڈاکوؤں کے ساتھ گتھم گتھا ہیں، اس دوران مقتول کے بیٹے کاشف نے ملزمان پر اپنے اسلحے سے فائرنگ کی، جس کی گولی ایک ڈاکو کی کمر میں لگی۔
بعد ازاں باپ بیٹے پر فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور چھینی ہوئی 3 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے دوران وہاں موجود لوگوں نے بھی رقم پر ہاتھ صاف کیا۔ پولیس نے گرفتار زخمی ملزم سے تفتیش اور فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
گرفتار ملزم کی شناخت امتیاز احمد کے نام سے ہوئی، جس کا کریمنل ریکارڈ پولیس نے حاصل کرلیا ہے۔ ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور ڈکیتی کا مقدمہ بھی درج ہے۔