گوادر، تیل بردار گاڑی مالکان کا احتجاج، کوسٹل ہائی وی کی بندش کیخلاف انتظامیہ نے سخت کارروائی کا عندیہ دیدیا
گوادر(قدرت روزنامہ)ڈی آئی جی کوسٹل ہائی وے پولیس 02 پر جاری تیل بردار گاڑیوں کی جانب سے پیدا کی گئی بدترین روڈ بندش پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اور ڈی ایس پی زون 02 کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کوسٹل ہائی وے کو بلاوجہ بند کر کے عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مطالبات کی منظوری اور تیل بردار گاڑیوں کو کاروباری اجازت ملنے کے باوجود ہائی وے کو دونوں اطراف سے بلاک کر کے عام شہریوں کیلئے رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں، جو کہ قابل مذمت اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے تین دنوں کے دوران دھرنے کے خاتمے اور ٹریفک کی بحالی کے حوالے سے پک اپ یونین اور ڈپو مالکان نے رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس دوران انہیں عام عوام کے لیے کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی، لیکن اس کے برعکس تیل بردار گاڑیوں کی جانب سے مسلسل روڈ بلاک کر کے قانون کو ہاتھ میں لیا جا رہا ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی تکالیف کا ازالہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا سڑک کی بندش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا پولیس کا اولین فریضہ ہے، جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔