آریان خان کے ساتھ جیل میں سیلفی لینے والا یہ شخص کون ہے اور اس وقت کہاں ہیں؟ حیران کن انکشاف ہو گیا
ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارت کے شہر پونے کی پولیس نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کے ساتھ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر میں سیلفی لینے والے کے پی گوسوی کی تلاش کا حکم دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے پولیس نے کچھ روز قبل منشیات کیس میں گرفتار آریان کے ساتھ جیل میں سیلفی لینے والے کے پی گوسوی کی تلاش شروع کردی ہے۔پولیس کا کہناہے کہ کے پی گوسوی 2018 سے دھوکا دہی کے مقدمات میں مفرور ہے جبکہ گوسوی پر ملائیشیا میں نوکری کے بہانے پونے کے ایک شخص کو دھوکا دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ اس حوالے سے نیشنل کانگریس پارٹی کے رہنما نواب ملک کا کہنا تھا کہ کے پی گوسوی نام کا یہ شخص پرائیویٹ جاسوس ہے اور اس کے خلاف دھوکا دہی کے مقدمات ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوسوی کروز شپ پر چھاپے اور مبینہ طور پر منشیات پکڑے جانے کے 9 آزاد گواہوں میں سے ایک ہے۔واضح رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔