ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پاکستان کی خصوصی دعوت پر معروف اسکالر اور مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں ایئرپورٹ پر موجود مسافروں سمیت حکومتی اہلکاروں نے ان کا خیر مقدم کیا . اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود اور سیکریٹری مذہبی امورڈاکٹر عطاالرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا گرمجوشی سے استقبال کیا، ڈاکٹر ذاکر نائیک اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے .

ملائیشیا میں مقیم معروف بھارتی نژاد اسلامی اسکالر ڈاکٹرذاکرنائیک نے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ اپنے دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا . ان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں مختلف اجتماعات سے خطاب کریں گے . سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹرذاکر نائیک کے خطبات مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر بھی کیے جائیں گے . انہوں نے اپنے اجتماع کا ٹائٹل ’پیس ٹاکس‘ لکھا ہے، انہوں نے 2020 میں بھی پاکستان کے دورے کا اعلان کیا تھا، تاہم کورونا وبا کی وجہ سے انہیں اپنا پروگرام ملتوی کرنا پڑا تھا . ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے ایک حالیہ آن لائن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پاکستان کے مختلف شہروں کی امعات اور سے بہت سی درخواستیں اور دعوتیں موصول ہوئی ہیں، لیکن وقت کی کمی کے باعث سب کو قبول کرنا ممکن نہیں . ’ہم ان میں سے کچھ اہم جامعات کا انتخاب کریں گے . ایک یونیورسٹی کو ہم منتخب کرچکے ہیں جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد ہے . ‘ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں 19 اکتوبر کو ایک اجتماع سے بھی خطاب کریں گے . ڈاکٹر ذاکر نائیک کے مطابق انہیں پچھلی کئی دہائیوں میں سب سے زیادہ دعوت نامے پاکستان سے موصول ہوئے تھے . ’بالآخر یہ میرا پاکستان کا پہلا آفیشل دورہ ہے . اس سے پہلے 1991 میں ڈاکٹر اسرار احمد سے ملنے پاکستان گیا تھا . پاکستان آنا میرا دیرینہ خواب تھا . ‘ . .

متعلقہ خبریں