عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں ملک کے لیے ایک پیسے کا کام نہیں کیا، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے 3 سال اور 8 مہینے کے اقتدار میں ملک کے لیے ایک پیسے کا کام نہیں کیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و عوام پاکستان پارٹی کے کنوینیئر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون بنتے ہیں کہ جلسہ ایسا ہو کہ عوام کو تکلیف نہ ہو، یہاں پر جلسوں سے عوام کو کوئی تکلیف نہیں ہے بلکہ عوام کو تکلیف حکومت سے ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نے ہفتے والے دن سارے راولپنڈی کی سڑکیں بند کردی، یہاں کوئی جماعت جلسہ کرلیتی کیا ہوجاتا، 2 گھنٹے یا زیادہ سے زیادہ 5 گھنٹے میں جلسہ ختم ہوجاتا، پورا دن راولپنڈی کی سرکیں بند رہی، 24 کروڑ افراد کا دارالحکومت اسلام آباد بند رہا، کیا ہم میں کوئی شرم نہیں رہی کہ ہم کرکیا رہے ہیں۔
انہوں نے بانی چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 3 سال اور 8 مہینوں میں اس ملک کے لیے ایک پیسے کا کام نہیں کیا اور صرف ملک کے اخلاقی اور جمہوری اقدار کو تباہ کیا لیکن جمہوریت کا اصول ہے کہ احتجاج ہر جماعت کا حق ہے۔
’جس مسلم لیگ ن میں ہم تھے اس میں ہم نے یہ سوچ نہیں دیکھی، ہم نے پیپلز پارٹی کا دور بھی دیکھا، 9 سال پرویز مشرف اور 3 سال 8 مہینے عمران خان کے بھی کاٹے لیکن یہ حالات ہم نے کبھی نہیں دیکھے، آج حکومت ملک کو کس طرف لے کر جارہی ہے کہ وہ لوگوں کے راستے میں دیواریں کھڑی کررہی ہے۔‘