معیشت بہتری کی جانب گامزن ، بنیادی اصلاحات کریں گے: محمد اورنگزیب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان اکنامک ڈیش بورڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا آخری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) پروگرام اس صورت ہوگا جب ہم بنیادی اصلاحات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اصلاحات کی طرف جانا ہوگا ٹیکس ٹو جی ڈی پی بڑھانا ہے، مزید کہا کہ ہماری معیشت جس جگہ پر موجود ہے ہمیں اسے استعمال کرتے ہوئے ملک میں معاشی استحکام لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں ہماری توقعات سے زیادہ کمی آئی ہے اور ہماری معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، اگر ہم اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہیں تو ہماری معیشت استحکام کی حالت سے ترقی کی طرف جا سکتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت پالیسی فریم ورک اور پالیسی میں تسلسل فراہم کرنے کے عزم پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو معاشی استحکام آیا ہے ہمیں اس کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بنیادی اصلاحات کریں کیونکہ یہ ہمارے ملک کی بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے ملک میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ملک میں تمام ڈیٹا موجود تھا لیکن اسے درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا اور اگر ہم اس پر کام کرتے ہیں تو ہمیں بہتر نتائج موصول ہونا شروع ہوں گے۔