تمام اسٹیک ہولڈرز کو پیغام دیدیا حکومت مزید قرض حاصل کرنے کی خواہشمند نہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان مزید قرض حاصل کرنے کا خواہشمند نہیں ہے . اسلام آباد میں پاکستان اکنامک ڈیش بورڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ہم نے تمام پیشکشیں مسترد کر دی تھیں، حکومت کا یہ واضح پیغام ہے کہ اگر ہم قرض لیں گے تو اپنی شرائط پر لیں گے .

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کے لیے بھی واضح پیغام ہے کہ وہ اب نجی شعبے کو قرض کی فراہمی شروع کرے، وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت بھی اسی بات پر یقین رکھتی ہے کہ حکومت کو صرف پالیسی فریم ورک پر کام کرنا چاہیے . وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پالیسی میں تسلسل فراہم کرنے کے عزم پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ نجی شعبہ ترقی کرے اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے، ہم جو بھی اس کا ایکو سسٹم بنا رہے ہیں اس میں فنانسنگ کا اہم کردار ہے . وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان میں مہنگائی میں ہماری توقعات سے زیادہ کمی آئی ہے اور اس کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے . انہوں نے کہا کہ ہمیں پائیدار معاشی استحکام کے لیے اصلاحات لانا ہوں گی اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو بڑھانا ہوگا . ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام اسی صورت ہوگا جب ہم بنیادی اصلاحات کریں گے، تبھی ہماری معیشت استحکام کی حالت سے ترقی کی طرف جائے گی . . .

متعلقہ خبریں